ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے ہردلعزیز اُستاد اوراسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے سابق ہیڈ ماسٹرحُسینی بیگ صاحب چل بسے

بھٹکل کے ہردلعزیز اُستاد اوراسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے سابق ہیڈ ماسٹرحُسینی بیگ صاحب چل بسے

Thu, 06 Aug 2020 23:05:09    S.O. News Service

بھٹکل 6 اگست (ایس او نیوز) بھٹکل کے ہر دلعزیز اُستاداور اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے سابق ہیڈ ماسٹر جناب حُسینی بیگ  میسور میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر لگ بھگ 75 سال تھی۔

بتایا گیا ہے کہ میت میسور سے اُن کے آبائی گاوں چن پٹن لے جائی گئی ہے جہاں کل جمعہ کو تدفین ہوگی۔

جناب حُسینی بیگ صاحب انجمن حامئی مسلمین کے  جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، ایڈیشنل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب ایس ایم سید پرویز، تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر حنیف شباب  سمیت بھٹکل کے ہزاروں لوگوں کے اُستاد رہ چکے ہیں، اُن کا بائیولوجی پڑھانے کا اپنا ایک الگ ہی انداز تھا،  بچوں سے ہنسی مذاق  کرتے ہوئے  اور بچوں میں دلچسپی پیدا کرتے ہوئے منفرد انداز میں   کلاس لیتے تھے۔  انہوں نے انجمن کے لئے  33 سالوں تک  خدمات انجام دیں،  ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر جناب وینکٹیش صاحب کے انتقال کے بعد  جناب حُسینی بیگ صاحب کو ہیڈ ماسٹر  کی بھی ذمہ داری سونپی گئی تھی جنہوں نے اُسے بھی بخوبی نبھایا۔ وہ قریب ایک سال انجمن  کے ہیڈماسٹر رہے ۔ سن 2000 میں وہ  ہائی اسکول سے وظیفہ یاب  ہوئے۔ انہیں بیسٹ ٹیچرکے اعزاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جناب حُسینی بیگ صاحب  22 یا 23 سال کی عمر میں میسور سے بی ایس سی، بی ایڈ مکمل کرکے بھٹکل پہنچے تھے اور انجمن سے منسلک ہوئے تھے،  انہوں نے اپنی پوری عمر بھٹکل کے  لوگوں کو تعلیم سے آراستہ  کرنے میں  لگائی۔

 ان کی اہلیہ  صادقہ بیگم بھی انجمن پرائمری اسکول  میں ہیڈ مسٹریس کی خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ وہ بھی تیس سال سے زائد عرصہ تک انجمن میں  ہی  ہزاروں خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے بعد قریب دس  سال قبل ہی انجمن سےسبکدوش ہوئیں ، ان کے ریٹائر ہونے کے بعد  دونوں میسور  منتقل ہوگئے تھے۔

جناب حُسینی بیگ صاحب کو ایک فرزند اور ایک دُختر ہیں، دونوں کی شادی ہوچکی ہے  اور وہ بھی میسور میں ہی رہتے ہیں۔

جناب حُسینی بیگ صاحب کے انتقال کی خبر سنتے ہی بھٹکل سمیت گلف میں مقیم ہزاروں   شاگردوں میں بھی غم   کی لہر دوڑ گئی، جس نے بھی یہ خبر سنی    اُن کے دلوں سے اپنے استاد  محترم کے حق میں مغفرت کی دعائیں نکلنے لگیں۔ اللہ انہیں غریق رحمت کرے، اور  جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ  کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین

انجمن حامئی مسلمین بھٹکل اور مجلس اصلاح  وتنظیم کے ذمہ داران نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کی خدمات کو سراہتے   ہوئے ان کے حق میں مغفرت کی دعائیں کی ہیں اور گھر والوں سے  بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔


Share: